گوہاٹی، 31 اگست (ایجنسی) آسام کے لئے قومی شہری رجسٹر(این آر سی) کی آخری فہرست سنیچر کو جاری کردی گئی جس میں 19لاکھ سے زیادہ لوگوں کو جگہ نہیں ملی ہے۔
این آر سی کی فہرست میں شامل ہونے کے لئے درخواست دینے والے 3.30کروڑ سے زیادہ درخواست دہندگان میں سے 3.11کروڑ سے زائد لوگوں کو این آر سی کی آخری فہرست میں جگہ ملی ہے۔
این آر سی کے اسٹیٹ کوآرڈی نیٹر پرتیک ہجیلا نے ایک پریس بیان جاری کرکے کہا کہ این آر سی کی اخری فہرست میں شامل ہونے کے لئے مجموعی
طورپر 3,11,21,004لوگوں کو اہل پایا گیا جبکہ اپنی شہریت کے سلسلہ میں ضروری دستاویزپیش نہ کرپانے والے 19,06,657لوگوں کو اس فہرست سے باہر رکھا گیا ہے۔ این آر سی کے لئے درخواست دینے کا عمل 2015میں شروع ہوا تھا جو 31اگست تک چلا۔
سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق قومی شہری رجسٹر (این آر سی) کی پہلی فہرست 31 دسمبر 2017 کوتیار ہوئی تھی جسے 30جولائی 2018کو شائع کیا گیا تھا۔ اس فہرست میں 2,89,83,677لوگوں کو شامل کیا گیا تھا۔ 36,26,630لوگوں نے فہرست سے باہر رکھے جانے کے تعلق سے شکایت کی تھی۔