رائےسین ، 18 دسمبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ تحریک کے نام پر حزب اختلاف کی جماعتیں کسانوں کو گمراہ اورورغلانے کا کام کرکے اپنی سیاسی زمین تیارکرنے کا کام کررہی ہیں اور کسانوں کو ایسے لوگوں سے ہوشیار اور محتاط رہنا چاہیے مسٹر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ مدھیہ پردیش کے لاکھوں کسانوں سے کسان مہاسمیلن کے ذریعہ خطاب کیا۔ کسان مہاسمیلن ریاست کے رائے سین ضلع ہیڈکوارٹر پر منعقدکیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی بی جے پی صدر وشنودت شرما، متعدد وزراء اور پارٹی عہدیدار موجود تھے۔ مہاسمیلن میں ہوئے مسٹر مودی اور وزیراعلیٰ کا خطاب ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریاست کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی سنا گیا۔
مسٹر مودی نے تقریبا 50 منٹ کی تقریر میں صاف طورپر کہا کہ تینوں نئے زرعی
قوانین نافذ ہوئے چھ سات ماہ ہوگئے ہیں۔ اس دوران نہ تو منڈیاں بند ہوئیں، کم از کم سہاراقیمت (ایم ایس پی) پر پیداوار کی خریداری بند نہیں ہوئی اور نہ ہی کسانوں کی زمین کے سلسلے میں کوئی خطرہ پیداہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام مستقبل میں بھی بند نہیں ہوں گے لیکن حزب اختلاف جماعتیں ان امور کے سلسلے میں گمراہ کررہی ہیں۔
مسٹر مودی نے کہا کہ آج وہ ایسے لوگوں کا کچاچٹھا کھولنا چاہتے ہیں۔ ایسے لوگ زرعی شعبے میں اصلاحات سے متعلق سوامی ناتھن کمیشن کی رپورٹ کو تقریباً آٹھ سالوں تک دبائے بیٹھے رہے۔ ہماری حکومت نے سوامی ناتھن کمیشن کی رپورٹ کو نکالا اور زرعی شعبے میں اصلاحات سے متعلق التزامات کو نافذ کیا۔ اسی ضمن میں زرعی شعبے سے منسلک تین نئے قوانین ملک میں نافذ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت یہ قانون ملک میں آج سے 30-25 سال قبل نافذ ہوجانا چاہیے تھا۔