ممبئی : مشہور آرکیٹکٹ حفیظ کانٹریکٹر نے ملک بھر کے انیس ریلوے اسٹیشنوں کا مفت میں ڈیزائن تیار کرنے کی پیش کش کی ہے ، ان میں کچھ اسٹیشن ممبئی میں ہیں ۔ یہ قدم ریلوے کے ذریعہ چلائی جارہی ایک اسکیم کا حصہ ہے ۔ آئی آر ایس ڈی سی کے مینجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزکٹیو افسر سنجیو کمار لوہیا نے کہا کہ کانٹریکٹر ان چار لوگوں میں شامل ہیں ، جنہوں نے مفت میں ریلوے اسٹیشنوں کا ڈیزائن تیار کرنے کی پیش کش کی ہے ۔ آئی آر ایس ڈی سی چھ سو ریلوے اسٹیشنوں کو از سر نو ترقی دینے کیلئے نوڈل ایجنسی ہے ۔
کانٹریکٹر نے جن اسٹیشنوں کی پیش کش کی ہے ان میں ممبئی کے دادر ،
پریل ، وڈالا ، باندرا اور کھار شامل ہیں ۔ لوہیا نے بتایا کہ ماہرین کو کھلی دعوت ہے کہ وہ فیس کے بغیر اسٹیشنوں کی از سر نو ترقی کیلئے اپنی پیش کش اور ماسٹر پلان تیار کریں ۔ حفیظ نے انیس اسٹیشنوں میں اپنی دلچسپی دکھائی ہے ۔
حال ہی میں وزیر ریل پیوش گوئل سے ملاقات کرنے والے کانٹریکٹر نے کہا کہ کسی فیس کے بغیر پیش کش اپنے ملک کی مدد کرنے کا ان کا طریقہ ہے ۔ پدم بھوشن ایوارڈ سے سرفراز کانٹریکٹر نے کہا ہم اسے مفت میں اس لئے کررہے ہیں تاکہ انہیں یہ دکھا سکیں کہ کیا کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب گھٹیا کام ہوتا ہے تو ملک کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔