رائے پور : چھتیس گڑھ کے نارائن پور میں بدھ کو پولیس اور نکسلیوں کے درمیان تصادم میں چار جوان شہید ہوگئے ہیں ۔ جبکہ 6 جوان سنگین طور پر زخمی بھی بتائے جارہے ہیں۔ شہید جوانوں میں دو سب انسپکٹر بھی شامل ہیں ۔ شہید جوانوں کو لانے کیلئے جگدل پور سے نارائن پور کیلئے ہیلی کاپٹر بھیج دیا گیا ہے۔ بستر ڈی آئی جی نے اس کی تصدیق کردی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق تصادم نارائن پور کے ارپانار جنگل میں ہوا ۔ زخمیوں کو اسپتال پہنچادیا گیا ہے جبکہ سنگین طور پر زخمی جوانوں کو رائے پور بھیجا جارہا
ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ واقعہ کے فورا بعد ہی بستر کے آئی جی وویکا نند نارائن پور پہنچ گئے ہیں اور ڈی آئی جی بھی نارائن پور جارہے ہیں ۔ آج دوپہر سے ارپانار کے جنگل میں ڈی آر جی اور ایس ٹی ایف کے ساتھ نکسلیوں کی مڈبھیڑ جاری تھی۔
ذرائع کے مطابق ابوجھماڑ میں کافی تعداد میں نکسلیوں کے جمع ہونے کی اطلاع ملی تھی ، جس کے بعد ضلع پولیس اور ڈی آر جی کی ٹیم تلاشی کیلئے ابو جھماڑ کے اراپانار جنگل روانہ ہوئی تھی ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق تقریبا 60 جوان تلاشی ٹیم میں شامل تھے ، جو نکسلیوں کے جال میں پھنس گئے۔