ی دہلی۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے بیٹے كارتی چدمبرم کے دہلی اور چنئی واقع پانچ ٹھکانوں پر آج چھاپے مارے۔ ای ڈی نے ایئر سیل-میکسس معاملے میں ’فارن انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ‘ کی منظوری کی تحقیقات کے سلسلے میں یہ چھاپے مارے ہیں۔ كارتی کو آئی اے این ایکس میڈیا معاملہ میں 11 جنوری کو ای ڈی کے سامنے پیش ہونا تھا لیکن ان کے موجود نہ ہونے پر ڈائرکٹوریٹ نے انہیں 16 جنوری کو طلب کیا ہے۔
ای ڈی کے پانچ افسران آج صبح 7 بجے چدمبرم کے گھر پہنچے۔ ای ڈی حکام تقریبا ساڑھے تین گھنٹے تک چھان بین کرنے کے بعد صبح 11 بجے وہاں سے نکلے۔ ای ڈی حکام کے اس چھاپے کے دوران چدمبرم یا
ان کے بیٹے کارتی چنئی میں واقع اپنے گھر پر نہیں تھے۔ وہیں، چھاپہ ماری کے بعد چدمبرم کے وکیل نے کہا کہ ای ڈی کے حکام کو اس چھاپہ میں کچھ بھی نہیں ملا۔
حالانکہ، ذرائع کے مطابق، ای ڈی حکام کو چنئی سے تو کچھ نہیں ملا، لیکن انہوں نے دلی کے جور باغ واقع رہائش گاہ سے 39 بلو شیٹس اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ یہ کاغذات سال 2012-13 کے درمیان پارلیمنٹ میں حکومت کی طرف سے دئیے گئے بیانات سے متعلق ہیں۔ وہیں، اس چھاپے پر پی چدمبرم نے کہا کہ ای ڈی کے پاس اس چھاپہ کا کوئی حق نہیں تھا۔ ای ڈی حکام کو لگا کہ جورباغ والا گھر کارتی کا ہے۔ انہیں جب پتہ چلا کہ یہاں صرف میں ہی رہتا ہوں تو انہیں خاصی شرمندگی ہوئی۔