ذرائع:
نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مبینہ شراب گھوٹالہ معانلے میں دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال کو چھٹا سمن جاری کیا ہے۔ ای ڈی نے کیجریوال کو 19 فروری کو حاضر ہونے کو کہا ہے۔ اس سے پہلے ای ڈی نے کیجریوال کو 5 سمن جاری کئے ہیں۔ کیجریوال اب تک بھیجے گئے سمن پر پوچھ تاچھ کے لئے ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے ای ڈی کے سمن کو انتقامی کارروائی قرار دیا تھا۔
ای ڈی نے کیجریوال کو 31 جنوری، 17 جنوری، 3 جنوری، 21 دسمبر اور 2 نومبر کو سمن بھیجا تھا، لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے۔ ای ڈی کی جانب سے مسلسل سمن جاری کرنے کے بعد عام آدمی پارٹی نے دعویٰ کیا تھا
کہ یہ ساری کارروائی اروند کیجریوال کو گرفتار کرنے کے لئے کی جارہی ہے۔ ای ڈی انہیں پوچھ تاچھ کے بہانے بلا کر گرفتار کرنا چاہتی ہے۔ عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ اگر ای ڈی پوچھ تاچھ کرنا چاہتی ہے تو وہ اپنے سوالات لکھ کر کیجریوال کو دے سکتی ہے۔
ای ڈی کو بھیجے گئے خط میں کیجریوال نے کہا تھا کہ وہ ہر قانونی سمن کو قبول کرنے کے لئے تیار ہیں، لیکن ای ڈی کا یہ سمن بھی پچھلے سمن کی طرح غیر قانونی ہے۔ انہوں نے اسے سیاسی طور پر محرک قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس سے پہلے کیجریوال نے کہا تھا کہ میں نے اپنی زندگی ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ گزاری۔ میرے پاس چھپانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔