نئی دہلی، یکم جون (یو این آئی) کانگریس نے موجودہ اقتصادی حالات کیلئے کوروناوائرس کو بھی ایک سبب بتایا ہے تاہم پارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ معیشت میں زبردست گراوٹ کی سب سے بڑی وجہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی معاشی بدانتظامی ہے۔ جس سے ملک کی معیشت تباہ ہوگئی ہے۔
کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے منگل کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بلاشبہ کورونا ملک کی موجودہ صورتحال کی ایک
وجہ ہے ، لیکن حکومت کے اقتصادی ماہرین کے مشورے کو مسترد کرنا اور من مانی فیصلے کرنا اس معاشی بحران کی اہم وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتصادی شعبے سے وابستہ معروف اداروں اور ماہرین کی رائے کو اہمیت نہیں دی اور کورونابحران کے دوران معاشی صورتحال کو بہتر طور پر برقرار رکھنے کے لئے عالمی تجربے کو نظرانداز کیا ۔ انہوں نے لوگوں کو نقد رقم دینے کی تجویز کو بھی مسترد کردیا اور جو معاشی پیکیج لائے گئے وہ بھی غیر موثر رہا۔