نئی دہلی/8جون(ایجنسی) صنعت و تجارت کے مرکزی وزیر سریش پربھو نے ہندوستانی معیشت کی ترقی کے پٹری پرآنے کا یقین دلاتے ہوئے آج کہا کہ کاروبار کی پریشانیوں کو دور کیا جائے گا اور ایکسپورٹروں کے ساتھ پورا تعاون ہوگا۔
مسٹر پربھو نے یہاں اپنی وزارت کے چارسالہ حصولیابیوں کی تفصیل بتاتے ہوئے نامہ نگاروں سے کہا کہ عالمی معیشت میں منفی حالات کے باوجود ہندوستانی معیشت میں سدھار کے اشارے دکھائی دے رہے ہیں۔
ایکسپورٹ میں سدھار ہورہا ہے اور افراط زر کنٹرول میں ہے۔ گھریلو سطح پر کاروبارسے متعلق ضابطوں کو آسان کرنے سے روزگار کے مواقع پیدا کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گھریلو سطح پر کاروبار کو سہل بنانے کا عمل مسلسل جاری ہے اور حکومت نے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔ایکسپورٹروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جارہا ہے اور انہیں ہر ممکن مدد دی جارہی ہے۔ حکومت ایک کمبائنڈ لاجسٹک محکمہ قائم کرنے پرکام کررہی ہے تاکہ مال ٹرانسپورٹ کی لاگت کم کی جاسکے۔