نئی دہلی،12مارچ (یو این آئی) آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کی مانگ، تملناڈو میں کاویری آبی تنازعہ اور راجدھانی دہلی میں سیلنگ کے خلاف اپوزیشن اراکین کے زبردست ہنگامہ کی وجہ سے آج راجیہ سبھا کی کارروائی میں رخنہ پڑا اور وقفہ صفر اور وقفہ سوالات نہیں ہوسکا۔
صبح کارروائی شروع ہونے پر چیرمین ایم ونکیا نائیڈو نے ضروری دستاویز میز رکھے جانے کے بعد و قفہ صفر شروع کرنے کی کوشش کی لیکن اسی دوران تیلگو دیشم
پارٹی (ٹی ڈی پی)، وائی ایس آر کانگریس، اے آئی اے ڈی ایم کے اور ڈی ایم کے کے اراکین ساتھ ساتھ عام آدمی پارٹی کے رکن اپنے اپنے مطالبات پر ایوان کے وسط میں پہنچ گئے۔
مسٹر نائیڈو نے ٹی ڈی پی، اے آئی اے ڈی ایم کے اور ڈی ایم کے کے اراکین کے ہنگامہ کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہنچنے کے دوران ہی وائی ایس آر کانگریس کے وجے سائی ریڈی کا وقفہ صفر کے تحت اپنی بات رکھنے کے لئے نام لیا لیکن تب تک وہ ایوان کے وسط میں پہنچ چکے تھے۔