نئی دہلی، 05 فروری (یواین آئی) لوک سبھا میں کسانوں کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کی ہنگامہ آرائی کے سبب ہفتہ کے آخری دن آج بھی وقفہ سوال نہیں ہو سکا اور اسپیکر اوم برلا کو شوروغل کے دوران ایوان کی کارروائی 6 بجے تک ملتوی کرنی پڑیمسٹر برلا نے وقفہ سوال شروع کرکے جیسے ہی ایوان کی کارروائی ابتدا کی تو اپوزیشن جماعتوں کے بہت سارے اراکین پارلیمنٹ ایوان کے درمیان میں آکر 'تاناشاہی نہیں چلے گی' جیسے نعرے لگاتے ہوئے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے نعرہ بازی شروع کرنے لگے۔
اسپیکر نے اپوزیشن ممبروں کی ہنگامہ آرائی پر توجہ نہیں دی اور وقفہ سوال چلانے کی کوشش کی۔ شوروغل کے دوران وقفہ سوال تھوڑی دیر جاری رہا۔ دریں اثنا اسپیکر نے سوالات
پوچھنے کے لئے اپوزیشن کے ممبروں کے نام بھی پکارے لیکن وہ سب ہنگامہ کرتے رہے، لہذا حکمران جماعت کے ممبران نے سوالات پوچھے اور وزیر صحت نے بھی ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔
جب ہنگاموں کے درمیان وقفہ سوال چلانا مشکل ہوگیا تو چیئرمین نے ممبران کو بتایا کہ کورونا ویکسینیشن پر اہم سوالات جاری ہیں۔ وقفہ سوال اہم ہوتا ہے اور ہم سب کو عوام سے متعلق سوالات پوچھنے کے لئے بھیجا گیا ہے۔ سوال کرنا ہر ممبر کا حق ہے اور یہاں پوچھے گئے سوالوں کے لئے حکومت جوابدہ ہے ، لہذا تمام ممبروں کو اپنی اپنی نشستوں پر جاکر وقفہ سوال چلنے دیں۔ جب اسپیکر کی ان باتوں کا اثر ان اراکین پر نہیں ہوا جو ہنگامہ کر رہے تھے تو مسٹر برلا نے ایوان کی کارروائی چھ بجے تک ملتوی کردی۔