نئی دہلی/7ڈسمبر(ایجنسی) ہندستان نے کہا کہ اس کا ڈرون تکنیکی خرابی کی وجہ سے سکم سیکٹر میں حقیقی کنٹرول لائن پار کرکے چینی سرحد میں داخل ہوگیا تھا۔ چین کی طرف سے اس پر سخت ناراضگی درج کرانے اور اسے سرحد میں غیرقانونی دراندازی قرار دےئے جانے کے بعد آج یہاں وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کل ایک بغیرپائلٹ کا ڈرون ہندستانی علاقہ میں باقاعدہ تربیتی پرواز پر تھا جو اچانک تکنیکی خرابی کی وجہ سے
کنٹرول کھو بیٹھا اور سکم سیکٹر میں حقیقی کنٹرول لائن کو پارکر چین کی سرحد میں داخل ہوگیا۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ اس پورے معاملہ کی تفتیش طے شدہ ضابطوں کے تحت کی جارہی ہے۔ اس سے پہلے چین کی سرکاری خبررساں ایجنسی ژنہوا نے اپنی خبروں میں چین کے مغربی فوجی کمان کے ڈپٹی چیف شوئلی ژانگ کے حوالے سے کہا تھا کہ چین کی سرحد میں اس طرح ہندستانی ڈرون کا داخل ہونا چین کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے جس کی چین سخت مخالفت کرتا ہے۔