نئی دہلی، 24 جون (یو این آئی) قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی صدارتی انتخاب کی امیدوارمحترمہ دروپدی مرمو نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
محترمہ مرمو ٹھیک 12:30 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں راجیہ سبھا سکریٹری جنرل کے دفتر پہنچیں اور چار سیٹوں میں صدارتی انتخاب کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
اس موقع پر مسٹرمودی کے علاوہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، پارلیمانی امور کے وزیر اور کئی مرکزی وزراء بھی موجود تھے۔ بیجو جنتا دل اور وائی ایس آر کانگریس اور کئی دیگر جماعتوں کے قائدین بھی
محترمہ مرمو کی نامزدگی کے وقت موجود تھے۔
وزیراعظم مودی، وزیر دفاع سنگھ اور بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے ارکان کے نام پہلے سیٹ میں تجویز کنندگان کے طور پر درج ہیں۔
پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس واقع لائبریری بلڈنگ میں پہنچیں محترمہ مرمو کے ساتھ دیگرلیڈران نے کاغذات نامزدگی سے متعلق دستاویزی رسمی کارروائیوں کو مکمل کیا۔ یہاں سے تمام تجویز کنندگان مسٹر مودی کی قیادت میں محترمہ مرمو کے ساتھ راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل دفتر کے لئے روانہ ہوئے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس پہنچتے ہی محترمہ مرمو نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے اور خراج عقیدت پیش کیا۔