نئی دہلی، 8اپریل (ایجنسی) بھارتیہ جنتا پارٹی نے پھر سے اقتدار میں آنے پر کسان کریڈٹ کارڈ رکھنے والے کسانوں کو ایک لاکھ روپے تک کا قرض پانچ برس کے لئے بلاسود کے دینے، کسانوں اور چھوٹے کاروباریوں کو پنشن کی سہولت دستیاب کرانے، پانچ کلومیٹر کے دائرے میں بنکنگ سہولت فراہم کرنے اور پورے ملک میں 75نئے میڈیکل کالج کھولنے کا وعدہ کیا ہے۔
بی جے پی کے صدر امت شاہ اور وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہاں پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں "سنکلپ پتر" نام سے پارٹی کا انتخابی منشور جاری کیا۔ اس میں کسانوں اور چھوٹے کاروباریوں کے لئے کئی اعلانات کئے گئے ہیں۔ اس میں خوشگوار ماحو ل میں رام مندر تعمیر کرنے ، شہریت ترمیمی بل کو پارلیمنٹ سے منظور کرانے، دہشت گردی پر "زیرو
ٹولرنس" کی پالیسی جاری رکھنے اور ملک کی سیکورٹی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
بی جے پی نے کسانوں کو ایک لاکھ روپے تک کا قرض پانچ سال کے لئے بلاسود دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی کسانوں کے لئے 60برس کی عمر کے بعد پنشن کا انتظام کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس نے کاروباریوں کے مسائل کے حل کے لئے قومی تجارتی کمیشن قائم کرنے اور چھوٹے کاروباریوں کو بھی 60برس کی عمر کے بعد پنشن کی سہولت دستیاب کرانے کی بات کہی ہے۔ پارٹی نے تمام کے لئے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں بینکنگ سہولت فراہم کرانے ، طبی سہولت اور تعلیم کی توسیع کے لئے ملک میں 75نئے میڈیکل کالج قائم کرنے کا عز م ظاہر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آئندہ پانچ برسوں کے دوران دیہی علاقوں کی ترقی پر 25لاکھ روپے خرچ کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔