نئی دہلی، 5 فروری (یواین آئی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری کی 'ہمت' کے لئے ان کی تعریف کی تھی جس کے بعد مسٹر گڈکری نے مسٹر گاندھی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ (جناب گاندھی کے) کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔
مسٹر گڈکری اور بی جے پی کے سابق صدر نے ٹویٹ کیا'راہل گاندھی جی، مجھے اپنی طاقت اور جرات کے لئے آپ کےسرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔تاہم
مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ایک قومی پارٹی کے صدر ہونے کے بعد بھی آپ کو ہماری حکومت پر حملہ کرنے کے لئے میڈیا میں توڑ مروڑ کر خبروں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے'۔ بی جے پی کے سابق سربراہ اور آر ایس ایس قیادت کے قریبی مانے جانے والے مسٹر گڈکری نے مسٹر گاندھی پر طنز کرتے ہوئے کانگریس پارٹی پر کسانوں کے مفادات کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے لکھا'وزیر اعظم نریندر مودی کسانوں کو کانگریس کی پالیسی سے باہر نکالنے میں ان کی مدد کرنے کے لئے ایمانداری سے کوشش کر رہے ہیں۔ آپ اور کچھ دوسرے لوگوں کو مسٹر مودی کے ہندوستان کے وزیر اعظم ہونے کی بات ہضم نہیں ہو رہی ہیں اور اس وجہ سے آپ سبھی کا خواب ہے کہ آئینی اداروں پر حملہ کیا جائے'۔