ممبئی، 25 اگست (یو این آئی) مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے آج کہا کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی کورونا وائرس کی وجہ سے سرمایہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے واسطے عوامی شعبے کے بینک کی طرف سے ضلع سطح پر قرض کی تقسیم کے لئے میلے کا اہتمام کیا جائے گا۔
محترمہ سیتارمن نے ممبئی کے دو روزہ دورے کے آخری دن آج پبلک سیکٹرکے بینکوں کی سالانہ کارکردگی، کووڈ سے متعلق پیکجوں اور خود انحصار ہندوستان پیکیج پر عمل درآمد کے جائزہ اجلاس کے بعد
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری شعبے کے بینکوں کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایکسپورٹ پروموشن ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ صنعت و تجارت کی تنظیموں کے ساتھ بات چیت کریں تاکہ برآمد کنندگان کی ضروریات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے بینکوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ فیڈریشن آف انڈین ایکسپورٹرز آرگنائزیشنز (FIEO) کے ساتھ مسلسل بات چیت کریں تاکہ برآمد کنندگان کو مختلف بینکوں کے درمیان بھاگ دوڑ نہ کرنا پڑے۔