نئی دہلی، 5 اپریل (یواین آئی) لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے منگل کو کہا کہ عوامی نمائندوں کے طرز عمل اور برتاؤ پرہی نمائندہ اداروں کا وقار منحصر ہے اور ایوان کا وقار کم ہونا جمہوریت کے لیے خطرہ ہے مسٹر برلا نے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں لوک سبھا سکریٹریٹ کے زیر اہتمام منعقدہ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے اراکین کے لیے ایک روشن خیالی پروگرام میں اپنے خطاب میں اراکین اسمبلی سے کہا کہ نمائندہ
اداروں کے رکن ہونے کے سبب ان اداروں کے وقار کو بلند کرنے میں تعاون دیں۔
انہوں نے کہا، ’’ایوان میں نشستوں کی کم ہوتی ہوئی تعداد اور کارروائی میں بڑھتی ہوئی رکاوٹ جیسے مسائل پر بھی ہمیں غور کرنا چاہیے تاکہ لوگوں کا ان اداروں پر اعتماد قائم رہے۔ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی ذمہ داری کے تئیں عوامی نمائندوں کو ہمیشہ حساس رہنا چاہیے۔ عوام کی آواز ایوان کے ذریعے حکومت تک پہنچانے کے لیے عوامی نمائندوں کی فعال شرکت ضروری ہے۔