نئی دہلی۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سالانہ کنٹریکٹ سے باہر کئے گئے تیز گیندباز محمد شمی کی مشکل بڑھ سکتی ہے۔ بیوی حسین جہاں کے الزامات میں گھرے محمد شمی کو اب آئی پی ایل سے بھی باہر کا راستہ دکھایا جا سکتا ہے۔ دلی ڈئیرڈیولس کی طرف سے کھیلنے والے گیندباز شمی پر ان کی اہلیہ نے میچ فکسنگ کا بھی الزام لگایا ہے۔
کرکٹ کنٹرول بورڈ کی طرف سے دیئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک انسداد بدعنوانی یونٹ اس پورے معاملہ کی جانچ نہیں کر لیتی تب تک ان کا کنٹریکٹ ہولڈ پر رہے گا۔ بورڈ چاہتا ہے کہ شمی کے ذاتی معاملات اور
الزامات کی بجائے انسداد دہشت گردی کی ٹیم صرف فکسنگ سے منسلک معاملات کی جانچ کراپنی رپورٹ 10 دن کے اندر بورڈ کو سونپ دے۔
سنہ 2009 میں آئی پی ایل میں قدم رکھنے والے محمد شمی نے اب تک 39 میچوں میں 23 وکٹ لئے ہیں۔ وہ گزشتہ چند سالوں سے آئی پی ایل ٹیم دلی ڈئیرڈیولس کا حصہ ہیں۔ جبکہ اس بار ڈئیرڈیولس نے انہیں رائٹ ٹو میچ کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے 3 کروڑ روپئے میں اپنے ساتھ لیا ہے۔ اگر وہ اپنی اہلیہ حسین جہاں کے ساتھ تنازعات کے مدنظر گرفتار کر لئے جاتے ہیں تو ان کا اس لیگ میں کھیلنا بیحد مشکل ہو جائے گا، یعنی 3 کروڑ کا خسارہ ہونا تقریبا طے ہے۔