نئی دہلی، 14 مارچ (یو این آئی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے روس یوکرین تنازعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان سفارتی کوششوں کے ذریعے یوکرین میں امن قائم کرنا چاہتا ہے اور ایک پرامن اور ہم آہنگی والی دنیا میں ہی ترقی ممکن ہے اور ہم سب کو اس سمت میں مل کر کام کرنا چاہیے۔
مسٹر برلا نے پیر کے روزیہاں پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں ہندوستان کے دورے پر آئے ہوئے آسٹریا کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کی۔ یہ وفدآسٹریا کی قومی کونسل کے صدر وولف گینگ سوبوتکا کی قیادت میں
ہندوستان کے پانچ روزہ دورے پر آیا ہے۔ آسٹریا کی فیڈرل کونسل کی صدر کرسٹین شوارز فُکس اور آسٹریا کے دیگر ارکان پارلیمنٹ اس وفد میں شامل تھے۔
ہندوستان اور آسٹریا کے درمیان قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک جمہوریت پر گہرا اعتماد اور جمہوری اقدار پر پختہ یقین رکھتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید گہرے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آب و ہوا میں تبدیلی کے عالمی مسئلہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستان نے ماحولیات کے تحفظ اور فروغ کے لئے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔