نئی دہلی، 12 مارچ (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 18 لاکھ کروڑ روپے ڈوب گئے ہیں، روپیہ ریکارڈ نچلی سطح پر آ گیا ہے اور معیشت بدحال ہے لیکن وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن خاموشی اختیار کئے ہیں۔
کانگریس مواصلاتی محکمہ کے سربراہ رنديپ سنگھ سرجےوالا نے جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں کو بتایا کہ ملک کی معیشت کی حالت کافی خراب لیکن حیرت کی بات یہ
ہے کہ مسٹر مودی اور محترمہ سیتا رمن اس بارے میں خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ آج 2700 پوائنٹس گر گیا اور سرمایہ کاروں کے 11 لاکھ کروڑ روپے ڈوب گئے۔ آزادی کے بعد ملک کے سرمایہ کاروں کے لئے یہ سب سے سیاہ دن ہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں اس گراوٹ کا براہ راست نقصان ان چھوٹے چھوٹے سرمایہ کاروں کا ہوگا جن کے پیسے مارکیٹ میں لگے ہوئے ہیں۔ دو دن پہلے بازار 2400 پوائنٹس گرا اور پھر سرمایہ کاروں کا بازار میں سات لاکھ کروڑ روپے ڈوبے تھے۔