کوپن ہیگن 26 جون(ایجنسی)سوشل ڈیموکریٹ خاتون سیاستدان Mette Frederiksen میٹے فریڈریکسن ڈنمارک کی آئندہ وزیر اعظم ہوں گی۔محترمہ فریڈریکسن(41) نے جو ملک کی پہلی سب سے کم عمر خاتون وزیر اعظم ہوں گی، آج اعلان کیا کہ وہ ایک یساری جھکاو رکھنے والی حکومت کی قیادت کرنے جارہی ہیں۔
ملک میں عام انتخابات کے بعدتقریباﹰ تین ہفتے لگاتار مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا۔ بالآخر محترمہ فریڈریکسن کی پارٹی اور دیگر یساری جماعتوں کے مابین
اتفاق رائے ہو گیا ۔اس طرح کوپن ہیگن میں اگلی حکومت یساری جماعتیں ہی مل کر بنائیں گی۔
متوقع وزیر اعظم نے دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر ایک پریس کانفرنس میں جب اس نئے نظم کا اعلان کیا تو ڈینش سوشل ڈیموکریٹس کی قیادت میں بننے والی نئی حکومت کو جو ایک اقلیتی حکومت ہوگی ،سینٹر لیفٹ بلاک کی چند چھوٹی جماعتوں کی طرف سے بھی تائید مل گئی۔محترمہ فریڈریکسن نے کہا ہے کہ حکومت کا آغاز کفایت شعاری سے کریں گی۔ اس کے بعدبہبودی اور فلاحی اخراجات بڑھایا جائے گا اور ماحولیات کے محاذ پر اہم فیصلے کئے جائیں گے۔