سمستی پور، 26 اپریل ( ایجنسی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے مرکز کی نریندرمودی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کرتے ہوئے آج کہاکہ چوکیدواروالی بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) حکومت کا ٹائم اوور ہو چکا ہے ۔
مسٹر گاندھی نے آج سمستی پور ضلع کے جتوار پور میں مہا گٹھ بندھن امیدوار کے حق میں منعقدایک انتخابی جلسہ میں وزیراعظم اور بی جے پی پر سخت حملہ کیا اور کہاکہ چوکیدار والی بی جے پی حکومت کا ” ٹائم اوور“ ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ’’ مودی جی آپ کتنی بھی تقریر کیجئے ، کسان اس کا جواب دینگے‘‘۔
انہوں نے کہاکہ کالا دھن
ختم کرنے کے نام پر نوٹ بندی کر دی گئی ۔ ملک کے کروڑوں لوگوں کو بینک کے سامنے قطارمیں کھڑا کر دیا گیا ۔ کچھ چنندہ صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے نوٹ بندی کی گئی ۔
کانگریس صدر نے کہاکہ ملک کی خواتین نے مشکل وقت کے لئے جو پیسے بچا کر رکھے تھے وہ بینک میں ڈلوا دیئے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے لوگوں کی جیب سے پیسے نکال کر نیرو مودی ، وجے مالیا جیسے صنعت کاروں کی جیبوں میں ڈال دیئے گئے ۔ انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہاکہ لوک سبھا انتخاب 2014 کے انتخابی تشہیر کے دوران مسٹر مودی نے ہر شخص کو 15 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن وہ جملہ ثابت ہوا ۔