راست:
رائچور:کرناٹک کے رائچورکے مقامی مسلم قائدین نے رائچور ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نکھل بی کے توسط سے ریاستی حکومت سے درخواست کی ہے کہ مسلم خواتین کے بارے میں توہین آمیز بیان دینے والے بی جے پی لیڈر پربھاکر بھٹ کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا جائے اورسخت کارروائی کی جائے۔
پربھاکر بھٹ نے 24 دسمبر کو منڈیا ضلع کے سری رنگا پٹنہ شہر میں ہنوماملا وسرجن اور سنکیرتن یاترا کے تحت منعقدہ ایک جلسے میں مسلم خواتین کے بارے میں توہین آمیز بات کی۔ انہوں نے شکایت کی کہ یہ معاشرے کی خواتین اور پورے معاشرے کی توہین ہے۔
مسلم قائدین نے کہاکہ پربھاکر نے خواتین کی عزت کو نقصان پہنچانے، مذاہب کے
درمیان تفرقہ پیدا کرنے، بہتان تراشی اور فسادات کی نیت سے بات کی ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ پربھاکر بھٹ اور منتظمین کے خلاف فوری طور پر فوجداری مقدمہ درج کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں نفرت انگیز تقریر کرنے والے کسی بھی شخص یا تنظیم کے خلاف خود کارروائی کرنے کے ریاستی حکومت کے ہدایات کے باوجود پولیس کی جانب سے خاموشی اختیارکی گئی۔
مسلم رہنماوں نے کہاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر پربھاکربھٹ نے مسلم خواتین کے بارے میں تضحیک آمیز بیان دیا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹررزاق استاد، ایم اے رحیم قریشی، محمد عزیز، سید امین الحسین، سید قیصر حسینی، محمد عثمان اور وقارپاشاہ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔