نئی دہلی: دارالحکومت میں آٹھ ماہ کی بچی کے ساتھ ہونے والی درندگی کے خلاف خواتین کمیشن کی صدر سواتی ماليوال نے رات بھر دفتر میں ٹھہری رہیں اور آج صبح پرارتھنا سے دن کی شروعات کی۔ مسز ماليوال نے پرارتھنا کی لائن ٹویٹ کرتے ہوئے کہا، "اتنی شکتی دینا داتا من کا وشواس کمزور نہ ہو ، ہم چلیں نیک رستے پہ، بھول سے بھی بھول نہ ہو۔ ہم نہ سوچیں ہمیں کیا ملا ہے، ہم سوچیں کیا کیا ہے ارپن ، پھول خوشیوں کے بانٹے، سب کا جیون بن جائے مدھوبن‘‘۔انہوں نے لکھا،" ستیہ گرہ کی پہلی رات کل دفتر میں رکی۔ پرارتھنا سے دن شروع کر رہی ہوں۔ جے ہند‘‘۔
خواتین کمیشن کی صدر نے ننھی سی بچی کے ساتھ دارالحکومت میں ہوئی آبروریزی کی واردات پر حکومت سے مجرم شخص کو
چھ ماہ کے اندر پھانسی کی سزا دئیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کل سے 30 دنوں کا ستیہ گرہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اگلے تیس دنوں تک اپنے دفتر میں ہی بیٹھی رہیں گی اور گھر نہیں جائیں گی۔ رات میں دہلی میں گھوم گھوم کر قانون کی صورتحال کا جائزہ لیں گی۔انہوں نے کہا تھا کہ وہ آبروریزی کے ملزم کو چھ ماہ کے اندر سزا کی اپنی مانگ کے لئے سرکار کو 30 دن کا وقت دے رہی ہیں۔
محترمہ ماليوال نے کہا کہ ننھی سی بچی کے ساتھ ہوئے ایسے گھناؤنے جرائم کے خلاف وہ عوام بیداری مہم چلائیں گی اور چاہیں گی کہ ہر کوئی ان کے ستیہ گرہ میں اس کے لئے ان کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کے لئے گھر گھر جائیں گی اور وزیر اعظم نریندر مودی سے سسٹم میں تبدیلی لانے کی اپیل کریں گی۔