کلکتہ18 جون (یوا ین آئی)لوک سبھا انتخابات کے بعد ترنمول کانگریس کے ممبران اسمبلی اور بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کو بی جے پی میں شامل کیے جانے کی مہم پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی ترنمول کانگریس کی garbage ”گندگی“ کو اپنے یہاں جمع کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی میں بے ایمان اور بدعنوان لیڈران لوگوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی نے پارٹی کونسلروں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی ”غداروں“ کی جگہ وفادار ممبران کو آگے بڑھایا جائے گا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ جولوگ بی جے پی میں جانا چاہتے ہیں وہ جلد سے جلد ترنمول کانگریس چھوڑ کربی جے پی میں چلے جائیں۔خیال رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج آنے کے بعد تین ممبران اسمبلی اور پانچ میونسپلٹی کے بیشترممبران پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں چلے گئے
ہیں۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ چند بے ایمان اور کچرے لیڈروں کے بی جے پی میں چلے جانے سے ہم خوف زدہ نہیں ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے گی۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم اپنی پارٹی کے کچرے کو پھینک رہے ہیں اور بی جے پی اس کو لے رہی ہے۔مگر بی جے پی میں چلے جانے سے ان کے خلاف جاری بدعنوانی کے الزامات سے بچ نہیں پائیں گے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ 2021کے اسمبلی انتخابات سے قبل ترنمول کانگریس کو از سر نومنظم کیا جائے گا۔اور جولوگ بی جے پی میں جانے سے متعلق سوچ رہے ہیں وہ آزاد ہیں،وہ جلد سے جلد ہمارے یہاں سے چلے جائیں۔ہمیں ایسے لیڈروں کی کوئی ضرورت نہیں ہے جو پارٹی کے تئیں وفادار نہیں ہے اور وہ اپنے مفادات کے اسیر ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ایک جانے کے بعد 500افراد ہمارے ساتھ آئیں گے۔پارٹی سے بدعنوان لوگوں کو ہٹاکر اچھے لوگوں کو آگے لانا ہم چاہتے ہیں۔