وارانسی:23مئی(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع وارانسی کے ضلع جج کی عدالت نے گیان واپی مسجد احاطہ معاملے کی سماعت کا طریقہ کار طے کرنے کے ضمن میں پیر کو اپنا فیصلہ کل تک کےلئے محفوظ کرلیا۔ عدالت کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ اس مقدمے پر سماعت ہوسکتی ہے یانہیں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈاکٹر اجئے کمار وشویش نے مدعی اور انجمن مسجد انتظامیہ کمیٹی کے وکیلوں کی دلیلیں سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ آج تقریبا 45منٹ تک سماعت ہوئی۔عدالت میں آج صرف اس معاملے پر بحث ہوئی کی عبادت گاہوں سے متعلق 1991ایکٹ کی روشنی میں اس
مقدمے پر سماعت ہوسکتی ہے یا نہیں۔ مسجد انتظامیہ کمیٹی کے وکیل نے سول ضابطہ آرڈر07وصول 11کے تحت مقدمے کی سماعت نہ کئے جانے پر زور دیا۔ ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت کو سب سے پہلے اس معاملے پر اپنافیصلہ سنانا چاہئے۔
دوسری جانب مدعی فریق کا کہنا تھا کہ عدالت کو گیان واپی مسجد احاطے کی سروے رپورٹ اور اس پر آئے اعتراضات سے وابستہ نکات پر سماعت کرنی چاہئے۔ان کے وکیل نے کہا کہ اس معاملے پر 1991 کا عبادت گاہوں کا قانون نافذ نہیں ہوتا ہے۔ قانون میں شق ہے کہ 15 اگست 1947 کو مذہبی مقامات جس شکل میں ہیں ان کو اسی طرح محفوظ رکھا جائے گا۔