سری نگر ، 8 مئی (یو ا ین آئی) حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ناربل میں پتھراؤ کے ایک واقعہ میں تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح کی موت واقع ہوجانے کے واقعہ پر شدید غم اور غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ کشمیریوں کا سیاحوں کے ساتھ پیش آنے کے اقدار کے بالکل منافی ہے۔
میرواعظ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’پتھراؤ کے نتیجے میں سیاح کی موت واقع ہوجانے کی خبر سے بہت دکھی ہوا ہوں۔ اس غنڈہ گری کی
مذمت کرتا ہوں۔ یہ واقعہ ہمارے سیاحوں جن کو ہم اپنے معزز مہمان مانتے ہیں، کے ساتھ پیش آنے کے اقدار کے بالکل منافی ہے۔ ایسے واقعات عوامی تحریک کو بدنام کرنے کا سبب بن سکتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ ضلع بڈگام کے ناربل میں گلمرگ روڑ پر پیر کے روز پتھراؤ کے ایک واقعہ میں چنئی سے تعلق رکھنے والا ایک 22 سالہ سیاح جاں بحق ہوا۔ پتھراؤ کے اس واقعہ میں ہندواڑہ سے تعلق رکھنے والی ایک جواں سال لڑکی سمیت تین دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
یو این آئی۔ ظ ح بٹ۔ شا پ۔0914