نئی دہلی/6اکتوبر(ایجنسی) الیکشن کمیشن نے آج (6 اکتوبر) پانچ ریاستوں چھیتسں گڑھ، مدھ پردیش، راجستھان، تلنگانہ اور مزورم میں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا، پہلے یہ اعلان دوپہر 12:30 بجے ہونا تھا، لیکن بعد میں اسے دوپہر 3 بجے کردیا گیا تھا، چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے اس پر صفائی دیتے ہوئے کہا کہ کچھ ضروری وجہوں سے وقت میں دیری ہوئی ہے.
چھتیس گڑھ میں اسمبلی انتخابات دومراحل میں 12اور 20نومبرکو ،مدھیہ پردیش اور میزورم میں ایک مرحلہ میں 28نومبرکو اور راجستھان اور تلنگانہ میں ایک مرحلہ میں 7دسمبرکو ہون گے ۔ سبھی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی ایک ساتھ 11دسمبرکو ہوگی۔
اس کے ساتھ ہی پانچوں ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ان سبھی انتخابات میں نئی وی وی پیٹ مشینیں استعمال کی جائیں گی۔ راوت نے بتایا کہ چھتیس گڑھ کے نکسلی انتہا پسندی سے
متاثرعلاقوں کی 18سیٹوں کے لئے پولنگ 12نومبر کو اور باقی 72سیٹوں کے لئے 20نومبر کوہوگی ۔
راوت نے بتایا کہ مدھیہ پردیش میں سبھی 230سیٹوں کے لئے پولنگ ایک ہی مرحلہ میں 28نومبر کوہوگی۔ میزورم کی سبھی 50سیٹوں کے لئے ایک ہی مرحلہ میں 28نومبر کو ہی ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ راجستھان کی 200سیٹوں کے لئے ووٹ 7دسمبر کو ڈالے جائیں گے ۔تلنگانہ میں بھی اسی دن سبھی 119سیٹوں کے لئے پولنگ ہوگی ۔ان سبھی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 11دسمبر کو ہوگی۔
تلنگانہ اسمبلی انتخابات آئندہ اپریل ۔مئی میں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہونے تھے لیکن وزیراعلی چندر شیکھر راؤ کی کابینہ نے گزشتہ 6ستمبر کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کی تھی جسے گورنر نے منظور کرلیا تھا ۔اس کے مدنظر وہاں مقررہ وقت سے قبل انتخابات کرائے جارہے ہیں ۔