گاندھی نگر،12جون(ایجنسی)بحیرہ عرب میں اٹھے گردابی طوفان نے اور خطرناک شکل اختیار کرلی ہے اور اس سے پہلے کی پیشن گوئی کے مقابلے میں اورزیادہ شدت سے گجرات کے سوراشٹر کے نزدیک کل صح زمین سے ٹکرانے (لینڈفول)کا امکان ہے۔
احمدآباد محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جینت سرکارنے آج یواین آئی کو بتایا کہ اب اس نے اور زیادہ خطرناک گردابی طوفان کی شکل لے لی ہے۔صبح یہ گجرات کے ویراول ساحل سے تقریباً 340کلومیٹر جنوب میں واقع تھا۔یہ کل صبح پوربندر سے مہوا کے درمیان ویراول کے آس پاس زمین سے ٹکرائے گا۔اس وقت اس کی رفتار پہلے کے اندازے کے مطابق 110سے 120کلومیٹر فی گھنٹہ کے مقابلے میں اور زیادہ 145سے
155کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے اور اس کے ساتھ کبھی کبھی ہوا کی رفتار 175کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائےگی۔
اس دوران اس کے پیش نظر ساحلی اضلاع پر احتیاط کےوسیع اقدامات کئے گئے ہیں۔11ساحلی اضلاع کے اسکولوں میں آج اور کل چھٹی کااعلان کردیاگیا ہے۔وزیراعلی وجے روپانی نے صرف اسی موضوع پر آج کابینہ کی میٹنگ بلائی ہے۔سبھی انچارج وزرا کو ان کے اضلاع میں ہرنے کی تاکید کی گئی ہے۔اس کے علاوہ سبھی سرکاری افسروں کی چھٹیاں رد کردی گئی ہیں۔ہزاروں کی تعداد میں ماہیرگیروں کی کشتیاں واپس لوٹائی گئی ہیں جبکہ گھوگھا اور دہیج کے درمیان کھنبھات کے خلیج میں چلنے والی رو رو فیری کو کل سے تین دن کےلئے بند کردیا گیا ہے۔