کانپور/لکھنؤ، 3 جولائی [یو این آئی] اترپردیش کے کانپور علاقے میں پولیس کی ٹیم پر، جو ایک بدنام زمانہ مجرم کو پکڑنے گئی تھی، شرپسندوں نے حملہ کردیا ، جس میں سی او سمیت آٹھ پولیس جوان شہید ہوگئے جبکہ سات زخمی ہیں۔
اس واقعے کی سنجیدگی کے پیش نظر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل آف پولیس جئے نارائن سنگھ نے آج صبح یہ اطلاع دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانپور کے چوبے پور کے علاقے میں جمعرات کو رات دیر گئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس بلہور دیویندر مشرا کی سربراہی میں، بٹھور ، چوبے پور ، شیوراج پور پولیس اسٹیشنوں کی پولیس ٹیمیں مجرم وکاس دوبے کو پکڑنے گاؤں وکرو پہنچی تھیں۔ محاصرے کے بعد بدمعاش کی گرفتاری کے لئے
ایک جال بچھایا گیا تھا۔ شرپسندوں نے چھت پر چڑھ کر پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔
اس واقعے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس بلہور دیویندر کمار مشرا کے علاوہ شیو راج پور کے تھانہ انچارج مہیش یادو ، ماندھنا چوکی انچارج انوپ کمار ، شیو کراج پور پولیس اسٹیشن میں تعینات سب انسپکٹر نیبولال ، چوبے پور تھانہ میں تعینات کانسٹیبل سلطان سنگھ ، بٹور تھانہ میں تعینات کانسٹیبل راہل ، جتیندر اور ببلو شہید ہوگئے۔ اس واقعے میں سات پولیس اہلکار کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ سبھی کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران مجرموں کو پکڑنے کے لئے ایس ٹی ایف کو تعینات کیا گیا ہے۔ غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق تین شرپسندوں کو ہلاک کرنے کی اطلاع ہے۔
یو این آئی۔ شا پ۔ 0929