نئی دہلی ،15جنوری (یواین آئی)معروف سوشلسٹ لیڈر شرد یادو نے بدھ کو شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے )کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں ’جنگل راج ‘سے بھی براحال ہے اور ’غیر اعلانیہ ایمرجنسی ‘نافذ ہے اور پولیس کا اتنا ظلم تو ایمرجنسی میں بھی نہیں ہواتھا۔
مسٹریادو نے یہاں لکھنؤمیں گزشتہ دنوں سی اے اے کے خلاف پرامن تحریک کےدوران گرفتار کرنے کے بعد ضمانت پر رہا ہوئے انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس )کے سابق افسر ایس آر داراپوری ،سنسکرت
کارکن دیپک کبیر ،صدف ناز اور ریاضی کے ٹیچر رہے پون امبیڈکر کی حمایت میں پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ بات کہی ۔کانفرنس میں سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری ،سابق رکن پارلیمان ورنداکرات ،سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ اور آر جے ڈی کے رکن پارلیمان منوج جھا کے علاوہ یہ چاروں کارکنان بھی موجود تھے اور انھوں نے 19دسمبر کے واقعہ کی تفصیل بتائی اور جیل میں ہوئے انکے ساتھ غیر انسانی سلوک اور بے رحمی کی پٹائی کی دردناک داستان سنائی ۔