ممبئی، 22 مارچ (یو این آئی) مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ دیویندر فڈنویس نے ہفتہ کو کہا کہ ناگپور تشدد کے دوران جو سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے اس کی قیمت فسادیوں سے وصول کی جائے گی اور اگر وہ قیمت ادا نہیں کرتے ہیں تو جائیداد کو ضبط کر لیا جائے گا۔
ناگپور میں تشدد کے حالیہ واقعات کے سلسلے میں آج یہاں پولیس حکام کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ
میں مسٹر فڑنویس نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے ویڈیوز اور فوٹیج کا تجزیہ کرنے کے بعد اب تک 104 فسادیوں کی شناخت کی گئی ہے اور 12 نابالغوں سمیت 92 لوگوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاستی حکومت اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھے گی جب تک کہ پولیس پر حملہ کرنے والے عناصر کی نشاندہی نہیں کی جاتی اور ان سے سختی سے نمٹا جاتا ہے۔