نئی دہلی، 11 جون (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس بحران کو ملک کی معیشت کے لئے بڑا موڑ قرار دیتے ہوئے جمعرات کے روز کہا کہ اس سے جو چیلنج سامنے آئے ہیں، انہیں موقعے می بدل کر ملک کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے۔
مسٹر مودی نے آج انڈین چیمبر آف کامرس (آئی سی سی) کی 95 ویں عام میٹنگ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کورونا بحران کے ساتھ ہی کئی دیگر چیلنج سے بھی نمٹ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت موقع کو شناخت کرنے کا ہے، خود کو آزمانے کا ہے اور نئی بلندیوں کی جانب بڑھے کا ہے۔ یہ اگر سب سے بڑا بحران ہے تو ہمیں ا س سے سب سے بڑا سبق لیتے ہوئے اس کا پورا فائدہ اٹھانا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 1925 میں اپنی تشکیل کے بعد سے آئی سی سی نے آزادی کی لڑائی دیکھی ہے، زبردست قحط سالی اور اناج کا بحران دیکھا ہے۔ اب اس بار کی یہ میٹنگ ایک ایسے وقت میں ہورہی ہے جب ہمارا ملک کئی چیلنجوں کا سامنا کررہا ہے۔
مسٹر مودی نے
کہا کہ ’’ہر وہ چیز جسے درآمد کرنے کے لئے ملک مجبور ہے، وہ ہندوستان میں ہی کیسے تیار ہوں۔ مستقل میں انہی کا ہندوستان برآمد کار کیسے بنے۔ اس سمت میں ہمیں مزید تیزی سے کام کرنا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ مقامی مصنوعات کے لئے جس کلسٹر پر مبنی سوچ کو اب ملک میں فروغ دیا جارہا ہے، اس میں بھی سبھی کےلئے مواقع ہی مواقع ہیں۔ جن اضلاع ، جن بلاکس می جو پیدا ہوتا ہے، وہیں آس پاس ان سے وابستہ کلسٹر تیار کئے جائیں گے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ کسانوں اور دیہی معیشت کے لئے جو فیصلے حال میں ہوئے ہیں، انہوں نے زراعت، معیشت کو برسوں کی غلامی سے آزاد کرادیا ہے۔ اب ملک کے کسانوں کو اپنی مصنوعات، اپنی پیداوار ملک میں کہیں پر بھی فروخت کرنے کی آزادی مل گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5،6 برسوں میں ملک کی پالیسی اور عمل میں ملک کی خود مختاری کا ہدف اہم ترین رہا ہے۔ اب کورونا بحران نے ہمیں اس کی رفتار مزید تیز کرنے کا سبق دیا ہے اور اسی سبق سے نکلا ہے ’آتم نربھر بھارت ابھاین‘۔