نئی دہلی،14 اپریل (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کی ہر ممکن کوششوں کے باوجود اس کے پھیلاؤ کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کی مدت تین مئی تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مسٹرمودی نے آج صبح قوم کے نام خطاب میں کہا کہ ملک کے عوام نے بڑی ذمہ داری کے ساتھ اب تک لاک ڈاؤن کی پیروی کی ہے اور سبھی نے اپنے فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی
میں مکمل لاک ڈاؤن سے ضرورت سے زیادہ فائدہ ہوا ہے اور دیگرممالک کےمقابلےمیں ملک کو کافی فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے بڑے خود کفیل ممالک کے مقابلے میں ہندوستان کی پوزیشن انتہائی سنبھلی ہوئی ہے۔
انهوں نے کہا کہ اسی تجربے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے مکمل لاک ڈاؤن کی مدت تین مئی تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی حکومتوں، ماہرین، دیگر ایجنسیوں اور یہاں تک کہ شہریوں نے بھی اسی طرح کی تجاویز دیئے ہیں۔ انهوں نے کہا کہ کچھ ریاستوں نے تو لاک ڈاؤن کی مدت پہلے ہی بڑھا دی ہے.