ذرائع:
حیدرآباد: حیدرآباد شہرکے گوشہ محل حلقے کے بی جے پی رکن اسمبلی ملعون راجہ سنگھ نے ایک سنسنی خیز تبصرہ ایسے وقت کیاہےجب تلنگانہ میں چیف منسٹر کی حلف برداری کے انتظامات کئے جارہے تھے۔ انہوں نے پیشین گوئی کی کہ ریاست میں ایک سال بعد بی جے پی کی حکومت آئے گی۔ راجہ سنگھ نےچہارشنبہ کو میڈیا سے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں طویل عرصے تک حکومت نہیں چلاپائےگی۔ تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت صرف ایک سال تک رہے گی۔ اس کے بعد بی جے پی کی حکومت آئےگی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی ترقی بی جے پی سے ہی ممکن ہے۔ کے سی
آر نے آئین کو تبدیل کرنے کی کوشش کی،لیکن تلنگانہ کے عوام نے کے سی آرکوہی تبدیل کردیا۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں آٹھ سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
دوسری طرف تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ ریونت ریڈی کل جمعرات کو ایل بی اسٹیڈیم میں تلنگانہ کے چیف منسٹر کے طور پر حلف لیں گے۔ وہ کل دوپہر 1:42 بجے حلف لیں گے۔اسی دوران کانگریس لیڈر اور عہدیدار ریونت ریڈی کی حلف برداری کی تقریب کے لئے ایل بی اسٹیڈیم میں انتظامات کررہے ہیں۔ دوسری جانب توقع ہے کہ ریونت کی حلف برداری کی تقریب میں ملک بھر سے وی آئی پیز شرکت کریں گے۔