نئی دہلی، 26 مئی (یو این آئی) مودی حکومت کے آٹھ سالہ دور کو ناکام قرار دیتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ اس مدت میں اس نے صرف عوام کو دھوکہ دیا ہے اور ہر محاذ پر ناکام رہی ہے۔
کانگریس کے سینئر ترجمان اجے ماکن اور میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں مودی حکومت کے آٹھ سال مکمل ہونے پر مشترکہ پریس کانفرنس میں حکومت کی آٹھ بڑی ناکامیوں کو بیان کرتے ہوئے ایک کتابچہ جاری کیا اور کہا کہ مودی حکومت نے اپنے دور میں صرف دھوکہ دہی کی ہے اور عوامی مفاد میں کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا۔
کتابچہ میں
اعداد و شمار کے ساتھ حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت نے 8 برسوں میں مہنگائی سے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ آٹھ برسوں میں اس حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی لگا کر 27 لاکھ کروڑ روپے کمائے ہیں اور اس ایکسائز ڈیوٹی میں 110 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ گیس پر سبسڈی ختم کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے 2014 میں 410 روپے کا سلنڈر تھا۔ آج 1,000 تک پہنچ گیا۔ سی این جی 35 روپے سے بڑھ کر 75 روپے فی کلو ہوگئی۔ اشیائے ضروریہ اور ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹیکس بڑھا کر عوام کو لوٹا جا رہا ہے جبکہ کارپوریٹ ٹیکس کم کیا جا رہا ہے۔