نئی دہلی/8مئی(ایجنسی) کانگریس نے آج کہاکہ وہ کسی بھی جج کے خلاف نہیں ہے اور سپریم کوٹ کے چیف جسٹس کے خلاف مواخذہ کی تحریک کے نوٹس سے متعلق عرضی عدالت کی برتری اور آزادی قائم رکھنے کے لئے داخل کی تھی ۔
کانگریس ارکان پارلیمان نے چیف جسٹس کے خلاف مواخذہ کی تحریک کا نوٹس راجیہ سبھا کے چیئر مین ایم وینکیانائیڈوکے ذریعہ نامنظور کئے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی لیکن انکی طرف سے سینئر وکیل کپل سبل نے یہ عرضی آج واپس لے لی ۔عرضی واپس لئے جانے کے بعد عدالت نے اسے خارج کردیا۔بعد میں کانگریس کے سینئر لیڈر مسٹر سبل نے یہاں پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں ہنگامی طورپر طلب کی گئی پریس کانفرنس میں کہا کہ انھوں نے عدالت سے یہ بتانے کی درخواست کی تھی کہ اس عرضی پر سماعت کےلئے آئینی بنچ کی تشکیل کس کے حکم سے کی گئی ہے اوراس بارے میں کوئی جواب نہ ملنے پر انھوں نے یہ عرضی واپس
لے لی ۔انھوں نے کہا کہ کانگریس عدالت کی عزت ووقار اورایمانداری پر مکمل اعتماد کرتی ہے ۔پارٹی کو عدالت کے کسی جج سے ذاتی طورپر کوئی شکایت نہیں ہے ۔پارٹی کی کوشش عدالت کی بالادستی اور آزادی ،انتظامی نظام کو منظم کرنے اور کام کاج کے عمل کو صاف شفاف رکھنے کی ہے ۔
مسٹر سبل نے کہا کہ پارٹی کا ارادہ عدالت کے عزت ووقار کو کم کرنے کا نہیں ہے ۔عرضی داخل کرنے میں کسی بھی طرح کی سیاست نہیں ہے ۔
انھوں نے کہاکہ' ہم پر حکومت الزام لگارہی ہے کہ ہم کسی کے خلاف ہیں ۔ایسا نہیں ہے ۔ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں ۔جو مسائل مواخذہ کی تحریک اور عرضی میں پیش کئے گئے ہیں وہ کسی سیاست سے جڑے نہیں ہیں ۔'انھوں نے کہاکہ یہ سبھی مسائل عدالتی عمل سے جڑے ہیں ۔حکومت کو سیاست سے جڑے معاملہ کو واضح کرنا چاہئے ۔