نئی دہلی، 27 فروری (یو این آئی) کانگریس کے ایک وفد نے دہلی فسادات کے سلسلے میں جمعرات کو صدر کووند سے ملاقات کی اور مرکزی وزیر داخلہ کو عہدے سے برطرف کرنے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے یہاں راشٹرپتی بھون میں مسٹر کووند سے ملاقات کرکے دہلی فسادات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ وفد نے صدر کو ایک میمورنڈم بھی سونپا جس میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت عوامی جان و مال کی حفاظت کرنے میں ناکام رہی ہے اس
لیے مسٹر شاہ کو مرکزی وزیر داخلہ کے عہدے سے برخاست کیا جانا چاہیے۔
وفد میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے رہنما غلام نبی آزاد، راجیہ سبھا میں ڈپٹی اپوزیشن رہنما آنند شرما اور پارٹی کے سینیئر رہنما پی چدمبرم، احمد پٹیل، اے کے اینٹنی، ملک ارجن کھڑگے، رندیپ سرجے والا اور دیگر رہنما شامل تھے۔
صدر کے ساتھ ملاقات کے بعد محترمہ گاندھی نے صحافیوں سے کہا کہ مرکزی حکومت عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنے میں ناکام ہوئی ہے لہٰذا وزیر داخلہ کو عہدے سے استعفیٰ دینا چاہیے۔