لکھنؤ:09فروری(یواین آئی) کانگریس نے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے انتخابی منشور’انتی ودھان جن گھوشنا پتر‘ میں حکومت بننے پر 10دنوں کے اندر کسانوں کا پورا قرض معاف کرنے اور نوکریوں میں خواتین کو 40فیصدی ریزرویشن دینے جیسے متعدد پرکشش وعدوں کو شامل کیا ہے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈر نے بدھ کو ریاستی کانگریس دفتر میں’انتی ودھان جن گھوشنا پتر‘ جاری کیا۔اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر اجئے کمار للو اور سابق ریاستی صدر سلمان خورشید سمیت دیگر لیڈروں کی موجودگی میں انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح سے چھتیس گڑھ میں حکومت بننے کے
تین گھنٹوں کے اندر کسانوں کا قرض معاف کیا گیا اسی طرح اترپردیش میں بھی قرض معافی کی جائے گی۔
واڈرا نے کہا کہ کانگریس کا دوسرا بڑا اعلان اترپردیش میں 20لاکھ روزگار دینے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں ابھی 12لاکھ سرکاری اسامیاں خالی ہیں۔ ان اسامیوں کو پُر کر آتھ لاکھ روزگار کے اضافی مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تین ودھان پتر(انتی ودھان، شکتی ودھان اور بھرتی ودھان)کے طور پر اپنا انتخابی منشور جاری کیا ہے۔ واڈرا نے کہا کہ کانگریس لیڈروں نے پورے صوبے میں گھوم کر عوام کے مسائل کی نشاندہی کر کے یہ منشور تیار کیا ہے۔ یہ عوام کی آواز کو اجاگر کرتا ہے۔