اقوام متحدہ۔ اقوام متحدہ کے مطابق جنگ زدہ شام کے دارالحکومت دمشق کے نواح میں مشرقی غوطہ کی موجودہ صورت حال ’قطعی ناقابل قبول‘ ہے۔ مشرقی غوطہ پر شامی فضائیہ اور زمینی دستوں کی طرف سے وہاں چھ سال سے قابض باغیوں کے خلاف کیے جانے والے حملوں میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران تقریباً چھ سو افراد ہلاک اور دو ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
عالمی ادارے کے انسانی ہمدردی کی بنیادوں
پر امدادی کاموں کے علاقائی رابطہ کار اور شام کے لیے ذمہ دار اہلکار پانوس مومٹزس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مشرقی غوطہ میں جس طرح عام شامی شہریوں کو ’اجتماعی سزا‘ دی جا رہی ہے، وہ ’قطعی ناقابل قبول‘ ہے۔
شام کی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ اسد حکومت کے دستوں کو باغیوں کے زیر قبضہ مشرقی غوطہ کی طرف نئی پیش قدمی کا موقع ملا ہے اور کئی محاذوں پر سرکاری دستے آگے بڑھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔