نئی دہلی/25اگست(ایجنسی) ریاست میں قبل ازوقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے درمیان وزیراعظم نریندر مودی سے قومی دارالحکومت نئی دہلی میں تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے ملاقات کی۔بتایاجاتا ہے کہ اس ملاقات میں ریاست کے 14امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔
ریاست کیلئے علحدہ ہائی کورٹ کے قیام کا مسئلہ بھی چندرشیکھرراو نے اٹھایا جو گزشتہ چار سال سے زیرالتوا ہے۔ریاست میں نئے زونل سسٹم کی منظوری،بی سی ریزرویشن بل پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے ریاست میں نئے سکریٹریٹ کی تعمیر
کے لئے دفاع کی اراضی ریاستی حکومت کو دینے کامسئلہ بھی اٹھایا۔
ریاست میں آئی آئی آئی ٹی ،آئی آئی ایم کی منظوری کی بھی مسٹر راو نے خواہش کی۔انہوں نے ریاست کے نئے اضلاع میں نئے نوودیالیہ تعلیمی اداروں کے قیام کے سلسلہ میں بھی توجہ دلائی۔مسٹر راو نے تلنگانہ میں نئے زونل سسٹم پر عمل کے لئے دفعہ 371(d)میں ترمیم کیلئے بھی نمائندگی کی۔
انہوں نے آندھراپردیش تنظیم نو قانون میں کئے گئے وعدوں پر عمل کے سلسلہ میں بھی توجہ دلائی۔یہ ملاقات 20منٹ تک ہوئی ۔بعض سیاسی امور پربھی بات چیت کی اطلاع ملی ہے۔