امراوتی/15اگست(ایجنسی) آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابو نائیڈو نے سریکاکلم ضلع کے آرٹس کالج میدان میں یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرایا ۔انہوں نے اس رنگارنگ تقریب میں پولیس سے سلامی بھی لی ۔ریاستی وزرا اوراہم شخصیتوں نے اس تقریب میں حصہ لیا۔ اس موقع پر مختلف محکمہ جات کی جھانکیاں بھی پیش کی گئیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے کہا کہ ملک کی آزادی کے لئے کئی افراد نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد موجودہ آندھراپردیش میں ہر سال ہر ضلع میں یوم آزادی تقاریب منائی
جارہی ہیں۔ابتدائی چار برسوں میں کرنول،وشاکھاپٹنم،اننت پور،تروپتی میں یہ تقاریب منائی گئیں۔
اس مرتبہ سریکاکلم میں یہ یوم آزادی کی تقاریب منائی جارہی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سال 2029تک ریاست کو ملک بھر میں سب سے آگے لے جایا جائے گا، چاہے اس مقصد کے حصول کے لئے کتنی ہی رکاوٹوں کا سامنا کیوں نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی معاشی ترقی پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ریاست کی تقسیم کے باوجود معیشت میں بہتری پیداکرنے کے اقدامات ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے ۔