حیدرآباد، ٦ جنوری(اعتماد) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پیر کو آرام گھر فلائی اوور کا افتتاح کیا۔ 4.04 کلومیٹر طویل فلائی اوور ’چھ لین‘پر مشتمل ہے جو دو طرفہ ہے، جس کی لاگت 736 کروڑ روپے ہے۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اور قائد مجلس مقننہ پارٹی جناب اکبر الدین اویسی کے علاوہ مجلسی ارکان مقننہ کے ساتھ مل کر پیر کی شام پرانا شہر کے بہادر پورہ میں آرام گھر تا زو پارک فلائی اوور کا رسمی طور پر افتتاح کیا۔ یہ فلائی اوور شہر حیدرآباد کا دوسرا سب سے بڑا فلائی اوور ہے جس کی مسافت 4.08 کیلو میٹر طویل ہے جس کی تعمیر
پر تقریباً 800 کروڑ روپئے کے اخراجات عائد ہوئے ہیں۔ یہ فلائی اوور شہر حیدرآباد سے بنگلورو ہائی وے کی ٹریفک کے مسئلہ کو کافی حد تک ختم کرسکتا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے اپنے دور میں 11.5 کیلو میٹر طویل مسافت والے پی وی ایکسپریس فلائی اوور کو تعمیر کیا تھا اور اب تازہ طور پر کانگریس حکومت اقتدار میں آنے کے بعد حیدرآباد میں پی وی ایکسپریس کے بعد یہ دوسرا سب سے بڑا فلائی اوور تعمیر ہوا ہے۔ انہوں نے آرام گھر تا زو پارک کے اس فلائی اوور کو سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان کیا-