نئی دہلی 11 دسمبر (یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج راجیہ سبھا کو یقین دلایا کہ شہریت ترمیمی بل میں آئین کی کسی بھی طرح سے خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے اور اس سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا کیونکہ یہ شہریت لینے والا نہیں بلکہ شہریت دینے والا بل ہے۔وزیر داخلہ نے شہریت ترمیمی بل 2019 پر ہوئی بحث کا جواب دیتے ہوئے اراکین کو یہ یقین دلایا بعد ازاں ایوان نے بل کو 105 کے مقابلے 125 ووٹوں سے منظور کرلیا۔ اس کے ساتھ ہی اس پر پارلیمنٹ کی مہر لگ گئی کیونکہ پہلے ہی یہ بل لوک سبھا سے پاس ہوچکا
ہے۔
اس سے پہلے بل کو سلیکٹ کمیٹی میں بھیجنے کے مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے کے کے راگیش کی تجویز کو ایوان نے 99 کے مقابلے 124 ووٹوں سے مسترد کر دیا۔ ایک رکن نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ ساتھ ہی ایوان نے کانگریس کے حسین دلوائي، سی پی آئی کے ونے وشوم، سی پی ایم کے ای کریم اور آر جے ڈی کے منوج جھا کے بل کو سلیکٹ کمیٹی میں بھیجنے کی تجاویز کو صوتی ووٹ سے مسترد کر دیا۔شیو سینا کے رکن ووٹنگ سے پہلے ہی ایوان سے واک آوٹ کر گئے تھے۔
ایوان نے ترنمول کانگریس کے ڈیریک اوبرائن اور دیگر اپوزیشن ارکان کی ترامیم کو بھی مسترد کر دیا۔