پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس2019 غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی
نئی دہلی،13دسمبر(یو این آئی) تین ہمسایہ ممالک پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان میں مذہبی استحصال و استیصال سے تنگ آکر آنے والے غیر مسلم فرقے کے افراد کو شہریت دینے سے متعلق متنازعہ بل، اسپیشل پروٹیکشن گروپ(اسی پی جی) اور خواجہ سرا کے حقوق سے متعلق بل سمیت 15 بلوں کو پاس کرنے کے ساتھ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس جمعہ کے
روز ختم ہوگیا۔
18؍نومبر سے شروع ہونے والے سرمائی اجلاس 2019 کے دوران شہریت (ترمیمی) بل2019 پر دونوں ایوانوں میں میں گرما گرم بحث ہوئی اور حزب اقتدار(این ڈی اے) اور اپوزیشن (یوپی اے وغیرہ)کے درمیان شدید نوک جھونک بھی ہوئی۔ لوک سبھا میں تقریباً 09گھنٹوں تک چلنے والی بحث کے بعد نصف شب کے بعد بل پاس کر دیا گیا جبکہ راجیہ سبھا میں بھی آٹھ گھنٹوں تک چلنے والی ڈبیٹ کے بعد اسے پاس کر دیا گیا۔