نئی دہلی، 12 جنوری (ایجنسی) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کی زیرقیادت سابقہ ترقی پسند اتحاد حکومتوں پر بدعنوانی اور اداروں کے غلط استعمال کے الزامات عائد کرتے ہوئے آج کہا کہ ملک کے پیسے کی چوری کرنےوالے خواہ ملک میں ہوں یا ملک کے باہر بھاگ گئے ہوں انہیں چھوڑا نہیں جائے گا۔
مسٹر مودی نے یہا ں تاریخی رام لیلا میدان میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکار پہلی بار کسی ہتھیار سودے کے بچولئے (کرسچن مشیل) کو پکڑ کر ملک میں واپس لائی ہے۔ اس بچولئے سے پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ رافیل سودے میں ترقی پسند اتحاد حکومت اس لئے تاخیر کررہی تھی کہ یہ بچولیا رافیل کے بجائے کسی دیگر کمپنی سے جنگی طیارے خریدوانا چاہتا
تھا۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سچ اب سامنے آرہا ہے کہ اس لئے کانگریس کے رہنما شور مچارہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس لئے یہ لیڈر گالی گلوج اور سازشوں پر اتر آئے ہیں۔ خواہ کوئی کتنا بھی جھوٹ بولے، گالی دے چوکیدار رکنے والا نہیں ہے۔ چور چاہے ملک میں ہو یا ملک سے باہر یہ چوکیدار ایک کو بھی چھوڑنے والا نہیں ہے۔
رافیل طیارہ سودے میں اس کی قیمت کے حوالے سے لگائے جانے والے الزامات پر صفائی دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خالی بوری کی قیمت ہمیشہ کم ہوتی ہے اور اس میں گیہوں یا چاول بھر دینے سے اس کی قیمت الگ ہوجاتی ہے۔ یہ بات کوئی کم پڑھا لکھا آدمی آسانی سے سمجھ سکتا ہے ۔ لیکن جو سمجھنا ہی نہیں چاہتا اسے سمجھایا نہیں جاسکتا۔