رائے پور، 10 نومبر (ایجنسی) برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنے سنکلپ پتر (انتخابی منشور) میں چھتیس گڑھ کو نکسل ازم سے پاک کرنے، 60 برسو ں سےزیادہ عمر کے کسانوں کو ایک ہزار روپے پنشن دینے، ہونہار طالب علموں کو اسکوٹی دینے اور وزیراعلی صحت بیمہ اسکیم میں 50 ہزار روپے کی موجودہ بیمہ کی رقم کو بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ نے آ ج یہاں پریس کانفرنس میں نیا چھتیس گڑھ انتخابی منشور جاری کیا۔ اس موقع پر
وزیراعلی ڈاکٹر رمن سنگھ، انتخابی منشور کمیٹی کے صدر برج موہن اگروال اور کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ مسٹرشاہ نے اس موقع پر گزشتہ 15 برسوں میں رمن حکومت کی مختلف شعبوں میں کامیابیوں کا جہاں ذکر کیا وہیں وزیراعلی ڈاکٹر رمن سنگھ نے اس میں کئے گئے وعدوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔
انتخابی منشور میں 60 برسوں کے زیادہ عمر کے کسانوں کو ایک ہزار روپے ماہانہ پنشن دینے، پانچ برسوں میں دو لاکھ نئے پمپ کنکشن دینے، دلہن اور تلہن فصلوں کی امدادی قیمتوں پر خریدنے اور ریاست کو نکسل ازم سے پوری طرح پاک قرار دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔