نئی دہلی، 8 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان نے چین پر الزام لگایا ہے کہ وہ لائن آف ایکچول کنٹرول پر اپنے فوجیوں کی اشتعال انگیز سرگرمیوں کو چھپانے کے لئے گمراہ کن بیانات دے رہا ہے اور ہندوستانی فوجیوں نے کبھی بھی لائن آف ایکچول کنٹرول سے تجاوز کرنے کی کوشش نہیں کی ہے وزارت دفاع نے آج ایک بیان جاری کرکے چین کے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے فوجی حقیقی کنٹرول لائن پر اشتعال انگیز سرگرمیاں چلا رہے ہیں۔ ہندوستان نے واضح کیا ہے کہ چینی فوجی لائن آف ایکچول کنٹرول پر جوں کی توں کی حالت کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے ہندوستانی فوجیوں نے بار بار ناکام بنایا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان حقیقی کنٹرول لائن پر تناؤ کو کم
کرنے اور صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے پرعزم ہے، لیکن چین اشتعال انگیز سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ بیان میں زور دیکر کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج نے کبھی بھی ایل اے سی پر تجاوزات کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی فائرنگ سمیت کوئی اشتعال انگیز کارروائی کی ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ چینی فوجی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے اکسانے والی کارروائی کررہےہیں۔
ہندوستان نے کہا ہے کہ 7 ستمبر کے واقعے میں چینی فوجیوں نے ایل اے سی پر ہماری ایک چوکی کی جانب بڑھنے کی کوشش کی جس پر ہندوستانی فوجیوں نے انہیں متنبہ کیا تو چینی فوجیوں نے انہیں ڈرانے کے لئے کچھ راؤنڈ فائر کیے اگرچہ نازک صورتحال کے باوجود ہندوستانی فوجیوں نے اعتدال پسندی اور ایک پختہ اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا۔