نئی دہلی: مسلمانوں کی نسل کشی اوربابائے قوم مہاتما گاندھی کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کرنے والے سادھو سنت کالی چرن مہاراج کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔ اطلاعات ملی ہیں کہ سادھو کو رائے پورپولیس نے کھجوراہو کی ایک ہوٹل سے گرفتارکیا گیا ہے۔ سادھووں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کالی چرن نے کہا تھا کہ ناتھورام گوڈسے نے مہاتما گاندھی کا قتل کرکے اچھا کیا۔
کالی چرن نے ہندووں سے اپیل کی تھی کہ وہ ہندو دھرم کی حفاظت کے لئے کٹر ہندو قائدین کا انتخاب کریں۔ سادھو کالی چرن کا متنازعہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا جس کے بعدچھتیس گڑھ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔ واضح رہے کہ مہاتما گاندھی پر غیر اخلاقی تبصرہ کرنے پر کالی چرن مہاراج کے خلاف رائے پور سمیت ملک کے کئی حصوں میں کیس درج کیا گیا تھا۔