حیدرآباد/7مارچ(ایجنسی) آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ چنداربابونائیڈو نے اشارہ دیاکہ تلگودیشم پارٹی صحیح وقت پرصحیح فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے ایک ایسے وقت یہ بات کہی جب یہ قیاس آرائیاں زیر گشت ہیں کہ ان کی پارٹی نریندر مودی حکومت سے دستبرداری اختیار کرسکتی ہے۔ نائیڈو نے اس موقع پرمرکز پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ اے پی تنظیم نو ایکٹ 2014میں کیے گیے وعدوں کوپورا نہ کرتے ہوئے ریاستی عوام کے جذبات کا استحصال کیاجارہا ہے۔ نائیڈو
کے مطابق انہیں علم ہے کہ مرکز کی کیا سوچ ہے جبکہ عوام بھی کیا سوچ رکھتے ہیں۔
ریاست کے مفادات کے خاطر کسی طرح کے بھی کوئی سمجھوتے کوخارج از امکان قراردیتے ہوئے چندرابابونائیڈو نے کہاکہ جوبھی فیصلہ ہوگا صحیح وقت پرصحیح انداز میں کیاجائے گا۔ انہوں نے آج صبح اپنی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔