کلکتہ ، 19نومبر(اینجنسی) آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندر بابو نائیڈو نے آج یہاں مغربی بنگال کی اپنی ہم منصب ممتا بنرجی سے ملاقات کی اور انہیں 22نومبر کو دہلی میں اپوزیشن رہنماؤں کی میٹنگ میں شرکت کے لئے مدعو کیا۔
آئندہ سال کے عام انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کی قیاد ت والے حکمراں محاذ کے خلاف ایک مضبوط سیاسی اتحاد قائم کرنے کے لئے کوشاں چندر بابو نائیڈو اس وقت ملک گیر
دورے پر ہیں۔ مسٹر نائیڈو کا موقف یہ ہے کہ بی جے پی کے خلاف اپوزیشن اتحاد وقت کا تقاضاہے اور 22نومبر کے دہلی اجلاس میں بی جے پی مخالف محاذ کی تشکیل پرسنجیدہ غور کیا جائے گا۔
حال ہی میں آندھرا پردیش کے وزیرا علی نے کرناٹک کے وزیر اعلی ایچ ڈی کمارا سوامی، ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن سے بھی مل چکے ہیں۔ قبل ازیں ان کی راہل گاندھی، شرد پوار، فاروق عبداللہ اور اروند کیجریوال سے بھی مذکورہ حوالے سے بات چیت ہوچکی ہے۔